کلکتہ،8؍فروری (ایس او نیوز؍یواین آئی) مغربی بنگال کے 108 میونسپلٹی انتخابات کیلئے امیدواروں کے فہرست میں اختلافات اور پارٹی میں پرشانت کشور کی ٹیم آئی پی اے سی کی بڑھتی دخل اندازی اور اس کی وجہ سے ترنمول کانگریس میں ہونے والی دخل اندازی کے بعد یہ قیاس آرائی شروع ہوگئی ہے کہ ترنمول کانگریس اور پرشانت کشور کی ٹیم کے ساتھ تعلقات کا خاتمہ عنقریب اور پارٹی کشور کی ٹیم کی مزید خدمات لینے کے حق میں نہیں ہے۔
2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس کی غیر متوقع شکست کے بعد پارٹی نے 2021کے اسمبلی انتخابات کیلئے انتخابی حکمت کار پرشانت کشور اور ان کی ٹیم آئی پی اے سی کی خدمات حاصل کی تھیں۔کہا جاتا ہے کہ پرشانت کشور کو بنگال میں لانے میں ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھشیک بنرجی کا ہاتھ ہے۔2021 کے اسمبلی انتخابات میں پرشانت کشور کی ٹیم نے ترنمول کانگریس کی انتخابی حکمت عملی سے لے امیدواروں کے انتخابات اور ممتا بنرجی کی تقریروں سے لے کر پارٹی پروگراموں تک میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔پرشانت کشور کے بڑھتی ہوئی دخل اندازی کو لے کر کئی سینئر لیڈر ناراض بھی تھے مگر آواز اٹھانے سے کترارہے تھے۔
اسمبلی انتخابات میں ترنمو ل کانگریس کی شاندار جیت کے بعد پرشانت کشور نے کہا تھا کہ وہ اب آئی پی اے سی کو چھوڑ دیں گے اور ان کی ٹیم کے لوگ چلائیں گے۔مگر ترنمول کانگریس نے ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا یہاں تک کہ وہ مختلف سرکاری دفاتر میں مشیر بھی ہیں۔پرشانت کشور کے مشورے پرہی ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی ملک بھر میں اپنی توسیع کیلئے کام کررہی ہے۔تاہم پرشانت کشور اور ان کی ٹیم کی بڑھتی ہوئی سرگرمی کو لے کر اب پارٹی میں کھلے عام ناراضگی بڑھتی جارہی ہے۔